(لاہور نیوز ) پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن ( پی ٹی بی ایف ) کے زیراہتمام اور سندھ ٹین پن باؤلنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے پاکستان اوپن ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ 7 نومبر سے رائل روڈیل کلب، ڈی ایچ اے، کراچی میں شروع ہو گی۔
چیمپئن شپ میں اعجاز الرحمان اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے، چیمپئن شپ میں پی ٹی بی ایف رینکنگ ٹین پن باؤلنگ ٹورنامنٹ کے چیمپئن انیب شفیع، نیشنل چیمپئن فاضل مانیا سمیت قومی و بین الاقوامی کھلاڑی حمرا عباس سلڈیرا، علی سوریا، دانیال شاہ، سکندر حیات، شبیر لشکر والا، سلیم بیگ اور محمد حسین چٹھہ شامل ہونگے۔
پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجازالرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں، چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے اور چیمپئن شپ میں 9 کیٹیگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں اوپن سنگلز، ایمچور، لیڈیز، انڈر 22، سینئر، میڈیا، ڈبلز، ڈیف اور مکس ٹیم شامل ہیں۔
چیمپئن شپ میں شرکت کی خواہش رکھنے والے کھلاڑی اپنے ناموں کی رجسٹریشن 7 نومبر دن دو بجے تک کروا سکتے ہیں ، چیمپئن شپ 12 نومبر تک جاری رہےگی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔