(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن بھی پاکستانی اوپنر فخر زمان کو داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔
یاد رہے کہ ہفتہ کو ورلڈکپ 2023 کے اہم میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس ( ڈی ایل ایس ) میتھڈ کے تحت 21 رنز سے شکست دی۔
کیویز کے خلاف میچ میں اوپنر فخر زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 81 گیندوں پر 126 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جس میں 8 چوکے اور 11 چھکے شامل تھے۔
فخرزمان نے سابق کپتان شاہد آفریدی کا ایک اننگ میں سب سے چھکوں کا قومی ریکارڈ بھی برابر کیا۔
مایہ ناز اوپنر کی کارکردگی پر جہاں پاکستانی شائقین اور بورڈ حکام انہیں سراہ رہے ہیں وہیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بھی ان کی اس اننگز کی تعریف کی ہے۔
میچ کے بعد کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ ہم یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ 400 رنز بنا کر بھی میچ ہار جائیں گے۔
ولیمسن نے بابراعظم اور فخر زمان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بیٹرز نے جس انداز میں بیٹنگ کی وہ مطلوبہ ہدف بھی حاصل کر سکتے تھے۔
کیویز کپتان کا کہنا تھا کہ فخرزمان غیرمعمولی طورپراچھا کھیلے، انہوں نے خود کو ہر موقع دیا اور گراؤنڈ ان کے لئے اتنا بڑا نہیں تھا اس لئے پاکستان آج اس جیت کا مستحق تھا۔