(لاہور نیوز) بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 36ویں میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 33 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پانچویں کامیابی حاصل کر لی۔
بھارتی شہر احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 286 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔جوابی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم ایک بار پھر متاثر کن کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی، 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 49ویں اوور میں 253 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس نے سب سے زیادہ 64 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ملان 50 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے بازی، معین علی نے 42، کرس ووکس نے 32 اور ڈیوڈ ویلی نے 15 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپا نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل سٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز دو، دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لبوشین نے سب سے زیادہ 71 رنز کی اننگز کھیلی، کیمرون گرین 47 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے جبکہ سٹیو سمتھ نے 44 اور مارکس سٹوئنس نے 35 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے کرس ووکس 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے جبکہ مارک ووڈ اور عادل رشید نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔