(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام بین الصوبائی کرکٹ مقابلوں میں آزاد جموں و کشمیر الیون نے بلوچستان الیون کے بعد دوسرے میچ میں سندھ الیون کو بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
رحیم یار خان میں گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں سندھ الیون نے پہلے کھیلتے ہوئے 45 اوورز میں 200 رنز کا ہدف دیا۔باسط علی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں ، راجہ شہزاد نے 2 ، عاقب لیاقت ، امیر حمزہ اور نوید نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
آزاد جموں و کشمیر الیون کی جانب سے 200 رنز کے تعاقب میں باسط علی نے 48 رنز، راجہ شہزاد 40 جبکہ فیضان سلیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیز ترین 40 رنز بنائے اور ایک وکٹ سے میچ جیت لیا۔
آزاد جموں وکشمیر الیون کی اس دوسری کامیابی سے آزاد کشمیر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی،اس کامیابی میں ٹیم منیجمنٹ کا نمایاں کردار رہا ہے۔