(ویب ڈیسک) عالمی کرکٹ کی تاریخ گواہ ہے کہ ضرورت پڑنے پرجنوبی افریقہ ہی پاکستان کا سچا دوست ثابت ہوا کیونکہ جب بھی گرین شرٹس مشکل کا شکار ہوئے پروٹیز ہی مدد کو آگے آئے۔
دوست کا نام ذہن میں آتے ہی ایسے لوگ ذہن میں آتے ہیں جو مشکل وقت میں کام آتے ہیں۔ کرکٹ کی دنیا میں اگر دیکھیں تو تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کا سچا دوست جنوبی افریقہ ہی ثابت ہوا ہے کیونکہ جب بھی گرین شرٹس کو مشکل پڑی ہے پروٹیز ہی مدد کو آگے آئے ہیں کبھی جیت کر سنبھالا تو کبھی خود ہار کر پاکستان کا ساتھ دیا۔
بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں پاکستان کو سیمی فائنل کی امیدیں زندہ رکھنے کے لیے نیوزی لینڈ کی بڑی شکست درکار تھی جو جنوبی افریقہ نے 190 رنز سے جیت کر دے دی لیکن اس سے پہلے بھی کئی بار اس سے ملتی جلتی کہانی دہرائی گئی۔
گزشتہ سال 2022 کے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی شاہینوں کو مشکل آن پڑی تھی کہ پروٹیز مددگار بن کر آئے اور بھرپور ساتھ دیا مگر جیت کر نہیں بلکہ نیدر لینڈ سےہار کر۔
شائقین کرکٹ کو 2015 کا ون ڈے ورلڈکپ تو یاد ہی ہوگا جب جنوبی افریقہ نے ہار کر ناک آؤٹ مرحلے تک پاکستان ٹیم کی رسائی کو ممکن بنایا۔
اسی طرح 2009 کا ٹی 20 ورلڈکپ کا سیمی فائنل بھی کون بھول سکتا ہے جب شاہینوں نے پروٹیز کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی اور پھر ٹی ٹوئنٹی کا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اگر بغور جائزہ لیا جائے تو یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ کرکٹ میں سچی دوستی تو صرف جنوبی افریقہ ہی پاکستان سے نبھا رہا ہے۔