(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ اگر ٹیم جیت رہی ہوتی تو کوئی نہیں کہتا کہ بریانی کھا رہے ہیں، بنگلادیش کے خلاف جیت کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے، اگلے میچز میں اور بہتر پرفارم کریں گے۔
ورلڈکپ کھیلنے کے لیے بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاتھ میں محنت کرنا ہے، پوری ٹیم محنت کررہی ہے، ہمارا بھروسہ اپنی محنت پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا جو رول ہوتا ہے میں اس کے مطابق کھیلتا ہوں، پلان کے مطابق ابتدائی لمحات میں بولنگ کرانے آتا ہوں،ہم پوری کوشش کریں گے کہ ٹاپ فور میں آئیں، ہمارے ذہن میں ہے کہ ہم کو اپنا رن ریٹ بھی برقرار رکھنا ہے۔
افتخار احمد کا کہنا تھا کہ جب ٹیم ہار رہی ہوتی ہے تو سب کہتے ہیں کہ کوئی جان نہیں لگا رہا، اگر ٹیم جیت رہی ہوتی تو کوئی نہیں کہتا کہ بریانی کھا رہے ہیں، ہر پروفیشنل کھلاڑی کو پتہ ہے کہ کیا کرنا ہے۔
آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ فخر زمان کا ٹیم میں واپس آنا اہم ہے، بھارت کی کنڈیشن میں شروع میں تیز رنز کرنا اہم ہے، بنگلورو میں ایک میچ کھیل چکے ہیں، یہاں کی کنڈیشن کا اندازہ ہے۔
افتخار احمد نے مزید کہا کہ پچ کو پرکھ کر فیلڈ رکھتے ہیں ، اگر گیند نہیں گھوم رہا تو سلپ رکھتے ہیں، بھارت کی وکٹوں پر بولرز کیلئے کچھ خاص نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اہم میچ ہفتے کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔