(لاہور نیوز) آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 33 ویں میچ میں بھارت نے سری لنکا کو 302 رنز سے شکست دیدی، سری لنکا کے اوپنرز سمیت 5 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
بھارتی شہر ممبئی کے وانکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان کوشال میڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے۔
358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 55 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، بھارت کی جانب سے شاندار باولنگ کے سامنے سری لنکا کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی، سری لنکا کے اوپنرز سمیت 5 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے اینجلو میتھیوزنے 12، کسن راجیتھا نے 14 رنز ، دلشان مدھوشانکا نے 5 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان کوشل مینڈس اور چارتھ اسالنکا ایک ایک رن بنا کر چلتے بنے۔
سری لنکن اوپنر بلے باز ڈیموتھ کرونارتنے اور پاتھم نسانکا سمیت سدیرا سمارا وکرما، دشن ہیمنتھا، دشمنتھا چمیرا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5، محمد سراج نے 3 اور بمرا اور جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔