02 Nov 2023
(لاہور نیوز) پنجاب بھر کے سکولوں کو نان سیلری بجٹ نہ مل سکا۔ سکولوں کے سربراہان کے لیے روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکولوں کے فنڈز دبا لیے۔ دو ماہ گزر گئے سکولوں کو نان سیلری بجٹ کی دوسری قسط نہ مل سکی۔ ہر سہ ماہی سکولوں کو تین ارب روپے کے فنڈز جاری کیے جاتے ہیں جس سے روزمرہ کے اخراجات اور تعمیرو مرمت کا کام کروایا جاتا ہے۔ پنجاب کے 48 ہزار سکولوں کو تین ارب روپے جاری ہونے تھے۔
سکول سربراہان کا کہنا ہے کہ روزمرہ کے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک طرف اعلیٰ حکام سکولوں میں سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے وزٹ کر رہے ہیں اور کارروائیاں بھی ہو رہی ہیں مگر فنڈز جاری نہیں کیے جا رہے۔ لاہور کے سکولوں کے لیے پندرہ کروڑ روپے جاری ہونے ہیں۔