(لاہور نیوز) مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کی ہدایت پر پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس ہفتہ 4 نومبر کو ہو گا۔
نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد مسلم لیگ نون کی جنرل کونسل کا پہلا اجلاس ہفتہ کو رائیونڈ میں طلب کر لیا گیا۔ قائد نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں پارٹی صدر شہباز شریف اور دیگر مرکزی قائدین شرکت کرینگے۔ اجلاس کو فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منعقد کرنے کے لئے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ن لیگ نے پارٹی الیکشن سیل اور پارلیمانی بورڈز بھی تشکیل دے دئیے۔
عام انتخابات کے لئے پارٹی امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی کا آغاز بھی ہو گیا۔ درخواستیں 10 نومبر تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
دنیا نیوز/ لاہور نیوز نے پارٹی امیدواروں کے لئے فارم کی کاپی حاصل کر لی۔ صوبائی اسمبلی کے لیے ایک لاکھ روپے اور قومی اسمبلی کے لیے دو لاکھ روپے فیس مختص کی گئی ہے۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشست کیلئے بھی ایک لاکھ روپے دینے پڑیں گے۔
پارٹی منشور کی تیاری کیلئے سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی۔ دیگر ارکان کا اعلان اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔