(ویب ڈیسک) ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش سے میچ کیلئے کولکتہ میں موجود پاکستانی ٹیم نے فائیو سٹار ہوٹل کا پروٹین ڈائٹ کھانا کھانے سے انکار کر دیا اور باہر سے چٹ پٹا کھانا منگوا لیا۔
رپورٹ کے مطابق ہوٹل کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے مینیو میں اٹالین کباب، انڈے اور پروٹین سے بھرپور دیگر غذائیں رکھی گئی تھیں تاہم چٹ پٹے کھانوں کے عادی قومی کھلاڑیوں نے غذائیت سے بھرپور یہ کھانا کھانے سے انکار کرتے ہوئے فوڈ ایپ کے ذریعے کولکتہ کے ایک دوسرے مشہور ہوٹل سے بریانی، چانپ، کباب، فیرنی اور شاہی ٹکڑے منگوائے۔
قومی ٹیم جس فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پذیر ہے وہاں سکیورٹی انتہائی سخت ہے اور پاکستان ٹیم کیلئے مختص فلور پر صرف خصوصی سروس کو ہی جانے کی اجازت ہے۔
واضح رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی ناقص کارکردگی کے باعث شدید تنقید کی زد میں ہے اور لگاتار چار میچ ہارنے کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر کھڑی ہے۔
پاکستان آج کولکتہ کے ایڈن گارڈن پارک میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیل رہا ہے۔ گرین شرٹس کو میگا ایونٹ میں اپنی امیدیں برقرار رکھنے کیلئے اس میچ میں بڑے مارجن سے لازمی فتح درکار ہے جبکہ اگلے دونوں میچز بھی جیتنے ہیں۔