(ویب ڈیسک) سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کےاستعفے اور تحقیقات کے معاملے پر تشکیل دی گئی کمیٹی نے آج سے ہی کام کا آغاز کردیا ۔
گزشتہ روز پی سی بی نے ٹیم کے انتخاب کے عمل اور مفادات کےٹکراؤ کےحوالےسے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کمیٹی نے آج سے ہی کام شروع کردیا ہے، تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کمیٹی اپنی رپورٹ اور سفارشات چیئرمین ذکا اشرف کو جمع کرائے گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ تحقیقات جلد مکمل کرنے کا خواہش مند ہے اور یہی وجہ ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے ایک ہفتے کےاندر تحقیقات مکمل کرنے کا امکان ہے۔
پی سی بی کی جانب سے تشکیل دی گئی 5 رکنی کمیٹی میں اینٹی کرپشن اینڈ ویجلینس یونٹ کے کرنل خالد ، کرنل اختر، ڈائریکٹر میڈیا عالیہ رشید سمیت لیگل ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے اور آڈیٹر فنانس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل انضمام الحق کا ایک کمپنی کے ساتھ شیئر ہولڈر ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق کمیٹی کی تشکیل سے پہلے ہی چیف سلیکٹر کےعہدے سےمستعفی ہو گئے تھے۔