25 Oct 2023
(لاہور نیوز) لاہور شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا۔ مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 306 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور سر فہرست آ چکا ہے۔ ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی سے ناک، کان اور گلہ کے مریض متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس وقت ہسپتالوں میں فضائی آلودگی اور سموگ سے متاثر کوئی مریض نہیں ہے۔
ڈاکٹر یداللہ کا کہنا تھا کہ سانس میں دشواری کے مریض گھروں سے باہر نہ جائیں، پھیپھڑوں اور دمہ کی مریضوں کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، کم قوت مدافعت والے افراد متاثر ہو سکتے ہیں، جلدی امراض میں اضافہ اور آنکھیں متاثر ہو سکتی ہیں، شہری ماسک اور عینک کا استعمال یقینی بنائیں، کم قوت مدافعت والے اچھی خوراک، ڈرائی فروٹ اور قہوہ کا استعمال کریں۔