(لاہورنیوز) نگران صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہفتہ صحت منایا جا رہا ہے۔
نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے میاں میر ہسپتال کا دورہ کیا اور سکریننگ کیمپوں میں طبی سہولیات کا جائزہ لیا،ڈاکٹر جمال ناصر نے ہیلتھ ویک کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ہیلتھ ویک صوبہ بھر میں 26 اکتوبر تک جاری رہے گا،آٹھ مختلف بیماریوں کی مفت سکریننگ، ٹیسٹنگ اور ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتہ صحت کے دوران لگائے گئے کیمپس میں ہیپاٹائٹس بی، سی کی سکریننگ، پی سی آر اور ایچ آئی وی کی ٹیسٹنگ کی جائے گی، شوگر، بلڈ پریشر، سانس کی بیماری اور ٹی بی ٹیسٹ بھی کیے جا رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ ہفتہ صحت کے تحت لگائے گئے 587 کیمپس میں اب تک 3 لاکھ 80 ہزار افراد اپنا چیک اپ کروا چکے ہیں۔