(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی علیٰ الصبح سمن آباد تھانہ پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامرمیر،انسپکٹر جنرل پولیس اور سی سی پی او لاہور بھی ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے کا ریکارڈ چیک کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے میں موجود سائلین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کے بارے میں پوچھا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سائلین کی درخواستوں پربلا تاخیر ایف آئی آر کے اندراج کاحکم دیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حوالات میں موجود ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے میں دریافت کیا۔ قتل کے الزام میں قید ملزم کی درخواست پر کیس کی تفتیش دوبارہ کرانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس ضمن میں سی سی پی او کو ہدایات دیں۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ سمن آباد تھانے کی حالت کو جلد بہتر بنایاجائے، تھانوں کی اپ گریڈیشن کے لئے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں،جلد کام شروع ہو جائے گا۔