(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ امت مسلمہ کی 74 لاکھ فوج اسرائیل کے خلاف کارروائی کرے۔ مسئلہ فلسطین کیلئے کوئی ایک سیاسی اور مذہبی جماعت اسرائیل سے جنگ نہیں لڑ سکتی۔
منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم کسی صورت فلسطینیوں کو چھوڑنے کےلئے تیار نہیں، ہر امتی فلسطین کو بچانے کے لیے قربانی دینے کو تیار ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ جمعہ کو قومی القدس کمیٹی کا پہلا اجلاس ہو گا جس میں سفارت کاروں سے ملاقات کر کے سمجھائیں گے دنیا کو تیسری جنگ سے بچانے کیلئے جنگ روکیں، غزہ کے لوگوں نے فیصلہ کیا ہے جدوجہد کا راستہ اختیار کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں فلسطینیوں کے لئے فنڈز اکٹھا کیا جا رہا ہے، سب مل کر مالی جہاد کریں۔