(ویب ڈیسک) بھارت کے سابق وکٹ کیپر سید کرمانی نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ضرور پہنچے گی، ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی یہ کہہ چکا ہوں۔
وکٹ کیپر سید کرمانی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد میں کھیلے گئے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں پاکستانی شائقین کی کمی محسوس ہوئی،پاک بھارت میچ میں دونوں ممالک کے عوام کو ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فینز کے نہ ہونے پرایک بہت بڑا سوال ہے، سب کو معلوم ہے وجہ کیا تھی، میں اس پر تفصیل سے بات نہیں کرسکوں گا، کسی بھی ٹیم کی اچھی کارکردگی پر شائقین سے داد نہ ملے تو حوصلہ پست ہوتا ہے۔
سید کرمانی نے مزید کہا پاکستان ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیم ہے، ایونٹ شروع ہونے سے پہلے اس کا اظہار کرچکا ہوں۔
دوران انٹرویو سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ 1979 میں جب بھارتی ٹیم پاکستان آئی تو پاکستانی فینز نے ان کی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیا، پاکستان ٹیم کی بولنگ لائن دنیا کی سب سے اچھی بولنگ لائن ہے، پیس اٹیک سب سے اچھا پاکستان کا ہے۔
قومی کپتان بابراعظم سے متعلق سید کرمانی نے کہا کہ بابراعظم دنیا کے ٹاپ بیٹر ہیں، ان کی پرفارمنس میں مستقل مزاجی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے زمانے میں سپیشلسٹ وکٹ کیپر کا چناؤ ہوتا تھا لیکن اب تبدیلی آچکی ہے، پہلے اس کی بیٹنگ اور پھر وکٹ کیپنگ دیکھی جاتی ہے۔
سید کرمانی کا مزید کہنا تھا کہ محمد رضوان ابھی نوجوان ہے، ان کی تکنیک بہت اچھی ہے، ایک دو کیچز چھوٹ جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز ہونی چاہیے، دونوں ممالک میں سیریز کیوں نہیں ہوتی سب جانتے ہیں، مجھے بتانے کی ضرورت نہیں کہ پاک بھارت سیریز کیوں نہیں ہورہی، ساری دنیا جانتی ہے سیریز کس وجہ سے نہیں ہوتی۔