(ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 16 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 149 رنز سے شکست دیدی۔
بھارت کے شہر چنائی کے ایم اے چدمبرم سٹیڈیم میں ہونیوالے آئی سی سی ورلڈ کپ کے 16 ویں میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے۔
289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 139 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور لوکی فرگوسن نے 3،3، ٹرینٹ بولٹ نے 2 جبکہ میٹ ہنری اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے کیا مگر یہ پارٹنر شپ زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور 27 رنز کے مجموعی سکور پر دونوں اوپنر بلے باز پویلین لوٹ گئے۔
اوپنر بلے باز رحمان اللہ گرباز 11، ابراہیم زردان 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رحمت شاہ 38، کپتان حشمت اللہ شاہدی 8، عظمت اللہ عمرزئی 27 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
افغانستان کی چھٹی وکٹ 125 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد نبی 7 رنز بنا کر بولڈ ہوئے، راشد خان 8، مجیب الرحمن 4 جبکہ نوین الحق اور فضل الحق فاروقی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، ڈیون کانوے 20 رنز بنا کر آؤٹ جبکہ ول ینگ نے 54 رنز کی اننگز کھیلی، راچن رویندرا 32، ڈیرل مچل ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان ٹام لیتھم اور گلین فلپس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا، ٹام لیتھم 68 اور گلین فلپس 71 رنز بنا کر 47 ویں اوور میں نوین الحق کی گیند کا شکار بنے۔
افغانستان کی جانب سے عظمت عمرزئی اور نوین الحق نے 2،2 جبکہ مجیب الرحمان اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔