(لاہور نیوز) نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے اب بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نہیں آ سکتی۔
نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے دیگر صوبائی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تمام ادارے یہ کوشش کر رہے ہیں کہ عوامی آگاہی دی جائے، تمام ڈیپارٹمنٹ کوشش کر رہے ہیں سموگ کم کی جا سکے، سموگ کی صورتحال پچھلے سال کے مقابلے میں بہت بہتر ہے، کچھ ڈیپارٹمنٹ کا کردار ہے اور پھر قدرتی بارشوں نے بھی اپنا عمل کیا، اب بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نہیں آ سکتی، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا کریک ڈاؤن وارڈنز نے کیا ہے اور مختلف جرمانے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا دوسرا فیصلہ یہ بھی کیا گیا ہے کہ پٹرول کی قیمت جو کم کی گئی ہے اس کو بھی عوام تک پہنچانا لازم ہے۔
پریس کانفرنس میں نگران وزیر تعلیم منصور قادر نے کہا سکول صرف تب بند کئے جائیں گے جب ہمارے پاس یہی لاسٹ آپشن ہو گی، ایسا نہیں ہے کہ ہر بدھ سکول بند کئے جائیں گے، ہر ہفتہ جائزہ لے کر ہی یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ بدھ کو چھٹی ہو گی یا نہیں، یہ فیصلہ بچوں کی بہتری کے لئے ہی لیا جائے گا، تمام والدین پر سکون رہیں۔
اس موقع پر ابراہیم مراد کا کہنا تھا آج کی میٹنگ میں ایک ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، آج کے دن ہی ڈی سی حکم جاری کریں گے کہ جو پٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی ہے اس میں ٹرانسپورٹ کے ریٹ بھی کم کئے جائیں، جو فیصل آباد کا نون اے سی کا کرایہ ہے وہ 550 ہے، اس کو ہم کل تک 400 لے آئیں گے، جو پنڈی کا کرایہ ہے اس کو ہم 825 تک لے آئیں گے۔ انہوں نے کہا سموگ کے تدارک کے لئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے لئے کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ والوں سے گزارش ہے کہ اپنا فٹنس سرٹیفکیٹ بنوائیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو پنجاب کی سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔