(لاہور نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر دنیا کو توجہ دینا ہو گی۔
کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے شاعر مشرق کو خراج تحسین پیش کیا اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔
مشعال ملک نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری دنیا بھر میں آزادی کی تحریکوں کی روح ہے، یہ خودی اور آزادی کا درس دیتی ہے، فلسطین اور کشمیر کے مسئلے پر دنیا کو توجہ دینا ہو گی، اسرائیل نے غزہ پر قبضہ کیا ہوا ہے، اس کا پر امن حل نکالا جائے، دنیا بھر کے لیڈرز اور او آئی سی کو امن کے لئے کام کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک فلسطین کا مسئلہ نہیں ہوگا اسرائیل کو کیسے تسلیم کر سکتے ہیں، فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں،فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یاسین ملک کےلئے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر آواز بلند کررہی ہوں، بھارت میں سکھوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، اقلیت کو آر ایس ایس دہشت گردی کا نشانہ بنا رہی ہے، مودی سرکار کی الیکشن کمپین میرے شوہر کو پھانسی چڑھانے کےلیے ہو رہی ہے۔