(ویب ڈیسک) پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، وہ چین میں ماؤنٹ چو ایو کو سر کرنیوالی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی ہیں ۔
نائلہ کیانی نے اب سے کچھ دیر قبل 8188 میٹر بلند ماؤنٹ چو ایوکو سر کیا ہے جس کا شمار دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی میں ہوتا ہے۔
نائلہ کیانی اب 8 ہزار میٹر بلند 10 چوٹیاں سر کرنیوالی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئی ہیں ، نائلہ کیانی اور سرباز خان آج چو ایو سر کرنیوالی ٹیم میں ساتھ شامل تھے۔
نائلہ اس سیزن میں شیشا پنگما بھی سر کریں گی، نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔
نائلہ کیانی اس سے قبل ایورسٹ، کے ٹو، گیشربرم ون، گیشربرم ٹو اور براڈ پیک سر کر چکی ہیں ، نانگا پربت، اناپورنا، لوٹسے اور مناسلو کو بھی سر کیا ہے۔
واضح رہے کہ نائلہ کیانی کا تعلق صوبہ پنجاب میں راولپنڈی کی تحصیل گوجر خان سے ہے، انھوں نے ایرو سپیس انجینئرنگ کی تعلیم برطانیہ سے حاصل کر کے اپنے اس شعبے میں بھی کام کر رکھا ہے ۔