(لاہور نیوز) سانحہ 9 مئی کو جناح ہاؤس حملہ سمیت دیگر مقدمات میں بڑی اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پراسیکیوشن نے 9 مئی کو جناح ہاؤس حملہ سمیت دیگر 11 مقدمات کے چالان لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جمع کرا دیئے ہیں۔
پراسیکیوشن کی جانب سے سانحہ 9 مئی کے مقدمات کے جو چالان عدالت میں جمع کرائے گئے ان مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نامزد ہیں۔
اس کے علاوہ چالان میں خدیجہ شاہ اور صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان بھی شامل ہیں۔
پراسیکیوشن نے جناح ہاؤس حملہ کیس، عسکری ٹاور حملہ، شادمان تھانہ جلانے اور شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کا چالان بھی عدالت میں داخل کرایا ہے۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد کارکنان نے اہم سرکاری اور دفاعی اداروں کی عمارتوں کو نشانہ بنایا جس میں شہداء کی یادگاروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
سانحہ 9 مئی کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کئی رہنماؤں کو گرفتار کیا جن میں اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید، شہریار آفریدی، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر شامل ہیں۔