(لاہور نیوز) نگران وزیر اعلیٰ شہر کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے متحرک ہیں۔ محسن نقوی نے خالد بٹ چوک انڈرپاس اور گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور پر کام کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلٰی نے کیولری گراؤنڈ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور تک سوا کلو میٹر پیدل چل کر دونوں پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔
نگران وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، دونوں منصوبوں کی تکمیل سے سنٹر پوائنٹ تا ڈیفنس موڑ سگنل فری کوریڈور بنے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں بڑی امید ہے اکتوبر تک انڈر پاس ٹریفک کیلئے کھول دیں گے، گھوڑا چوک فلائی اوور کیلئے بھی 90 روز کا ٹارگٹ ہے، لاہور میں سب سے زیادہ پانی والٹن روڈ پر کھڑا ہوتا تھا، شاہدرہ پراجیکٹ کو جلد مکمل کرا لیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری اور پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹس کا فضائی دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ یہ منصوبہ 31 دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔
وزیر اعلٰی محسن نقوی نے سنٹرپوائنٹ گلبرگ سے والٹن روڈ تک بننے والے سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ کا بھی فضائی جائزہ لیا۔