(ویب ڈیسک) عالمی بینک نے انکشاف کیا ہے کہ ساڑھے 9 کروڑ پاکستانی اس وقت غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
عالمی بینک نے پاکستان کی معیشت کی حالت پر ’شدید تشویش‘ کا اظہارکرتے ہوئے زور دیا ہے کہ وہ زراعت اور رئیل اسٹیٹ پر ٹیکس لگانے کیلیے فوری اقدامات کرے اور معاشی استحکام کیلیے جی ڈی پی کے 7فیصد کے برابرمالیاتی ایڈجسٹمنٹ کرتے ہوئے اپنے بے جا اخراجات کم کرے۔
عالمی بینک نےیہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان میں گزشتہ مالی سال میں غربت بڑھ کر 39.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے، خراب معاشی حالات کی وجہ سے مزید سوا کروڑ افراد غربت کے جال میں پھنس گئے، تقریباً ساڑھے 9 کروڑ پاکستانی اس وقت غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔
واشنگٹن میں قائم عالمی بینک نے پاکستان کی اگلی حکومت کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے تیار کردہ پالیسی کے مسودہ کا اجرا کیا ہے جس میں کم انسانی ترقی، غیر پائیدار مالیاتی صورتحال،زراعت، توانائی اور نجی شعبہ جات کو ضابطے میں لانا اور ان شعبوں میں اصلاحات آئندہ حکومت کیلیے ترجیحی قرار دیے گئے ہیں۔