(لاہور نیوز) محکمہ صحت نے نجی ہسپتالوں سے ہیلتھ کارڈ پر سرجری کے لئے غریب مریضوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔
ہیلتھ کارڈ پر نجی ہسپتالوں میں آپریشن کروانے والوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔ ہیلتھ کارڈ کمپنی نے تمام آپریشنز کے لئے 30 فیصد پیشگی ادائیگی کو لازمی کر دیا۔ اس سے پہلے چند اہم آپریشنز کے لیے 30 فیصد پیشگی ادائیگی ضروری تھی۔ ڈلیوری ، موتیا اور دل کے آپریشنز کو ہیلتھ کارڈ سے ہٹایا جا چکا ہے۔
نجی ہسپتالوں میں اب پتہ، ہرنیا ، گائنی، لیپروسکوپی ، ناک، کان و گلہ، آرتھو اور نیورو کے آپریشنز کے لئے 30 فیصد رقم پہلے ادا کرنی ہو گی۔ سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ پر 30 فیصد ادائیگی لازمی نہیں ہو گی۔ مریضوں کی بڑی تعداد دوبارہ سرکاری ہسپتالوں کا رخ کرنے لگی۔
سی ای او ہیلتھ کارڈ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق کا کہنا ہے کہ نجی ہسپتالوں میں لوگوں کی بڑی تعداد آپریشن کروا رہی تھی جس میں فراڈ ہو رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ 30 فیصد پیشگی ادائیگی نہ کر سکنے والے افراد سرکاری ہسپتال جا کر فری علاج کرا سکتے ہیں۔