(لاہور نیوز) موسم کے تیور بدلتے ہی ڈینگی نے بھی ڈنک تیز کردیئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبائی دارالحکومت میں 109 ڈینگی کیسز سامنے آگئے۔
پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 243 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، سب سے زیادہ 109 کیسز لاہور میں رپورٹ ہوئے، ملتان میں 54، راولپنڈی میں 45 جبکہ فیصل آباد میں 6 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق دیگر شہروں شیخوپورہ، اٹک، گجرات میں بھی دو دو کیسز سامنے آئے ہیں۔
حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ انسداد ڈینگی کارروائیاں جاری ہیں، شہری کھلی جگہوں پر پانی جمع نہ ہونے دیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
خیال رہے ڈینگی کا مرض مچھر کے ذریعے کسی بھی دوسرے شخص کو منتقل ہوسکتا ہے، طبی ماہرین کے مطابق مرض میں مبتلا مریضوں کے خون میں پلیٹ لیٹس کی تعداد 50 ہزار سے کم ہونے لگے تو وہ علاج کیلئے ہسپتال جائیں۔