22 Sep 2023
(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیم کے فاسٹ باولر حسن علی ورلڈ کپ 2023 کے سکواڈ میں شمولیت کے بعد انتہائی خوش نظر آتے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے ٹویٹس بھی کی ہیں۔
حسن علی نے اپنی ایک ٹویٹ میں کیپشن کے ساتھ ایک پوسٹر بھی جاری کیا ہے جس پر لکھا ہے کہ ’’دی جنریٹر از بیک‘‘۔فاسٹ باولر کا کہنا ہے کہ ’’شکر الحمد للہ، ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے ناقابل بیان ہے۔ انشاءاللہ، میں پاکستان کے لیے اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا‘‘۔
حسن علی کا کہنا تھا کہ ’’مجھے اور قومی ٹیم کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، شائقین کا شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ میری حمایت کی‘‘۔واضح رہے کہ فاسٹ باولر حسن علی کو انجری کے شکار نسیم شاہ کی جگہ ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔