(ویب ڈیسک) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم تو بھارت کو بھگت رہے ہیں، آج دنیا کو بھی بھارت کے چہرے کا پتا چل رہا ہے، بھارت کا رویہ پوری دنیا کو جنگ میں دھکیل دے گا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سرکاری نیوز چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قتل و غارت گری میں براہ راست بھارتی ریاست ملوث ہے، کلبھوشن یادیو کی صورت میں بھارتی جاسوس سب کے سامنے ہے، بھارت نے کینیڈا کی سرزمین پر انسانیت کا قتل کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے، حکومتوں سے قطع نظر مسئلہ کشمیر پر عالمی سطح پر اپنا موقف پیش کرتے رہنا چاہیے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بہت زیادہ متاثر ہے، جنرل اسمبلی اجلاس میں کشمیر، موسمیاتی تبدیلی اور اسلاموفوبیا کا مسئلہ اٹھاؤں گا، معاشی بحالی کے حوالے سے بھی اجلاس میں بات کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے کرنسی سمگلنگ کو روکنے کے حوالے سے اقدامات کو سراہا ہے۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بجلی کے بل نسبتاً کم ہوں گے، پاور سیکٹر کی اصلاحات ناگزیر ہیں، یہ ماڈل نہیں چل سکتا کہ حکومت مہنگی بجلی بنائے اور سستی دے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جا رہی ہیں، معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پسے ہوئے طبقے کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہے، کینیڈا میں سکھ رہنما کو بھارتی ایجنٹوں نے قتل کیا، بھارت نے بطور ریاست کینیڈا کے شہری کا قتل کیا جس کی مذمت کرتے ہیں، کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کا معاملہ بھی اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہردیپ سنگھ معصوم تھے، اسی لیے اس کو شہید کیا گیا، پاکستان نے بھارت کے حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن یادیو کو پکڑا، انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کا ایجنڈا خطے اور دنیا کو جنگ میں دھکیل سکتا ہے، بھارت نے جو کیا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بھارت میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، الیکشن کی تاریخ کے اعلان پر نگران وزیراعظم نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کا کام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے، بہت سارے لوگوں کا قیاس آرائیوں سے روزگار جڑا ہوتا ہے، یہ چلتا رہتا ہے۔