(لاہور نیوز) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈالرز کی سمگلنگ اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پرمستقل پالیسی بنادی ہے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور وزیر توانائی محمد علی نے اپٹما کا دورہ کیا، وفاقی وزرا نے صدر لاہور چیمبر آف کامرس کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود اور نائب صدر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت گوہر اعجاز نے کا کہنا تھا کہ ایل سیز کا مسئلہ بڑھا تو افغا ن ٹرانزٹ سے سمگلنگ ہوئی، 4 ارب ڈالر سے افغان ٹرانزٹ 6.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، اب حکومت نے ڈالرز کی سمگلنگ اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پرمستقل پالیسی بنادی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرنسی ڈی ویلیو ہونے سے ایکسپورٹ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا، ٹیکس چوری اور نشہ بیچ کر کمایا گیا پیسہ اب ڈالرز کی خریداری پر خرچ نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر توانائی محمدعلی نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں ردوبدل کیلئے کام کیا جارہا ہے،اب امیروں کو ایل این جی کے ریٹ پر گیس ملے گی، کمزور طبقے پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا،صرف 10 دنوں میں بجلی کی چوری میں ریکوری 6 ارب روپے کی گئی۔
اجلاس کے دوران سینئر نائب صدر لاہور چیمبر ظفر محمود و دیگر نے حکومتی تجارتی پالیسی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واک آؤٹ کردیا۔