(ویب ڈیسک) سوئی سدرن گیس کمپنی نے صنعتی صارفین کی جانب سے اربوں روپے کی گیس چوری کا انکشاف کیا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے دعوے کے مطابق گیس کی 90 فیصد چوری صنعتی صارفین کرتے ہیں ،15 ماہ کے دوران صنعتوں نے 5.5 ارب کی گیس چوری کی ۔ایس ایس جی سی نے بھاری مقدار میں صنعتی چوری کے اعدادوشمار جاری کیے جن کے مطابق صنعتکاروں سے سوا سال میں 1366 ملین مکعب فٹ گیس ریکور کی گئی ہے، سب سے زیادہ 4.5 ارب کی گیس چوری کراچی سے پکڑی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گیس چوری پریشر پمپس،میٹر میں گڑ بڑ اور لائنوں سے کی جارہی تھی جبکہ گیس لوڈ میں ہیر پھیر بھی پکڑا گیا،کمپنی کے مطابق لوڈ آرایل این جی پر شفٹ کرنے سے3.9 ارب کی وصولی ہوئی ہے۔
کمپنی کے مطابق 15 ماہ میں 849 صنعتوں پر چھاپے مارے گئے 288 کے خلاف باقاعدہ کیسز درج ہوئے جبکہ صنعتی حلقوں کا کہنا ہے کہ صنعتی کنکشنز میں ہیوی پریشر کی لائنوں کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے عملے کی ملی بھگت کے سوا کسی قسم کا کنڈا نہیں ڈالا جاسکتا، ہائی پریشر لائنوں سے گیس چوری میں خود سوئی گیس کا عملہ اور افسران ملوث ہیں ۔