(لاہورنیوز) نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہاہے کہ سرکاری ادارے ملکی معیشت کو سالانہ 500 ارب روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں ۔
نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ملکیتی اداروں کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے ، سابق حکومت نے حکومتی ملکیتی اداروں کا ایکٹ پاس کیا تھا، حکومتی ملکیتی اداروں کے نقصانات 500 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں، موجودہ حکومت نے اس حوالے سے پالیسی سٹرکچر اور ڈیزائن تیار کیا ہے، ملکی معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
شمشاد اختر نے کہا کہ 2020 میں ایس او ایز کے نقصانات 500 بلین روپے تھے، فنانشل نقصانات کے ازالے کے لیے وزارت خزانہ مدد کرے گی، فنانشل نقصانات کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ملکیتی اداروں میں 85 کمرشل ادارے بھی شامل ہیں، ان میں پاور سیکٹر کے 20 ادارے شامل ہیں، حکومتی ادارے خدمات فراہم کرنے میں ناکام رہے، 10 منافع بخش اور نقصان میں چلنے والے اداروں کی فہرست بنالی ہے، حکومت ریاستی ملکیتی اداروں کے نقصانات برداشت کر رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مجوزہ پالیسی کےذریعے آزادانہ بورڈ ممبرز کا تقرر کیا جائے گا، بورڈ ممبران کو اپنے عہدے کی مدت کی سکیورٹی دی جائے گی، سی ای او کی تعیناتی بہت اہم ہے، اس پر نظرثانی کی جائے گی، حکومتی ملکیتی اداروں میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جائے گی۔
نگراں وزیرِ خزانہ نے کہا کہ مختلف اوقات میں حکومتی ملکیتی اداروں کی تنظِیم نو کی گئی، حکومتی اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں نااہل افراد تعینات رہے۔شمشاد اختر کا کہنا ہے کہ منافع بخش کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، کوئی وزارت سرکاری محکموں کو کسی قسم کی ہدایت جاری نہیں کرے گی، حکومتی کمپنیوں کے لیے پہلی دفعہ کابینہ کی کمیٹی قائم کی گئی ہے، کمیٹی حکومتی کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کام کرے گی۔