(لاہور نیوز) پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ ماہانہ 1 لاکھ 20 ہزار ٹن تک پہنچ گئی، آئی ایم ایف نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ پر تشویش کا اظہار کر دیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذرائع کے مطابق در آمدی بل میں کمی اور ریوینیو شاٹ فال بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر عالمی مالیاتی ادارے نے وزارت خزانہ اور ایف بی آر سے ایک لاکھ 20 ہزار ٹن پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی ایم ایف نے بارڈر پر کسٹم، ایجنسی اہلکار، فورسز کی تعداد اور استعداد کار بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ سے کسٹم اور لیوی کی مد میں 10 ارب سے زائد نقصان ہو رہا ہے ، ماہانہ 143 ملین لیٹر پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ کو روکا جائے۔
خزانہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے ایف بی آر اور وزارت خزانہ کو ریونیو بڑھانے کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔