(لاہور نیوز) کوٹ لکھپت سبزی منڈی کی اراضی پر ہسپتال کی تعمیر کا خواب ادھورا رہ گیا،6 سال گزر گئے مگر اراضی کو قابل استعمال بنانے کے لیے حکومت اور بیوروکریسی ایک پیج پر نہ آسکی۔
ایل ڈی اے نے 2017 ء میں کوٹ لکھپت سبزی منڈی کی اراضی واگزار کروائی، 2020 ءمیں بزدار کابینہ نے سبزی منڈی کی اراضی پر ہسپتال کی تعمیر کی منظوری دی مگر نگران حکومت آنے کے بعد ایل ڈی اے نے ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ فائلوں میں بند کردیا۔
ایل ڈی اے گورننگ باڈی نے بھی ہسپتال بنانے کی منظوری دی، سبزی منڈی کی 152 کنال اراضی کا ورکنگ پیپر پیش کیا گیا تھا۔
ایل ڈی اے کے ٹوپو گرافک سروے میں اراضی کم ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، اراضی 152 کنال کے بجائے 116 کنال نکلی، ماضی میں سبزی منڈی کی 152 کنال اراضی میں سے 122 کنال محکمہ صحت کو دیدی گئی مگر محکمہ صحت مقررہ ڈیڈ لائن پر زمین کے پیسے ادا نہ کرسکا تو ایل ڈی اے نے محکمہ صحت کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی۔
سبزی منڈی کوٹ لکھپت کی اراضی سے متعلق پیچیدگیوں کی وجہ سے ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔