دوسرا ون ڈے، جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز میں برتری حاصل کرلی
(لاہور نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمنز ٹیموں کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں مہمان ٹیم نے قومی ویمنز ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی پوری ٹیم 43 ویں اوور میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء 69 اور عالیہ ریاض 53 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
مہمان ٹیم نے 169 رنز کا ہدف 34 ویں اوورز میں ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز میں دو صفر کے مقابلے سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
خیال رہے کہ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس میں ہر میچ جیتنے پر پاکستانی ویمنز ٹیم کو 2 پوائنٹس ملیں گے، پاکستانی ٹیم 9 میں سے 5 میچز جیت کر 10 پوائنٹس حاصل کر چکی ہے، بھارتی ویمنز ٹیم 15 پوائنٹس کیساتھ پہلے جبکہ آسٹریلیا ویمنز ٹیم 11 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے