(ویب ڈیسک) حکومت نے کمرشل بینکوں سے 3ماہ میں 11.04 ٹریلین روپے کے نئے قرضے لینے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کےمطابق اپنے وسائل کے مقابلے میں بڑھتے ہوئے اپنے اخراجات کو پورا کرنے کیلیے حکومت کا انحصار نجی قرضوں پر بڑھتا جا رہا ہے، حکومت نے کمرشل بینکوں سے 3ماہ (ستمبر-نومبر 2023) میں 11.04 ٹریلین روپے کے نئے قرضے لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نئے قرضے لینے کے منصوبہ اس وقت سامنے آیا جب بینکوں نے حکومت کیلیے 3 سے 12 ماہ کی مدت کے مختصر مدت کے قرضے پرتاریخی بلند ترین 25 فیصد شرح سودمقرر کردی، تاہم قرض لینے کیلئے حکومت کی نئی پالیسی دکھائی دے رہی ہے جس کے تحت حکومت نے طویل مدت کیلئے سستے قرضے لینے اور مختصر مدت کے مہنگے قرضوں پر انحصار کم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
یہ تبدیلی تیزی سے بڑھتے ہوئے مہنگے قرضوں کی جگہ سستے قرضے لیکر ٹیکس محصولات کو بڑھاکرقرض واپسی کیلئے وقت حاصل کیا جا سکے، اس قرض کا ایک اہم حصہ تین ماہ میں 9.23 ٹریلین روپے کے پرانے مہنگے قرضوں کی ادائیگی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔