08 Sep 2023
(ویب ڈیسک) مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے ایتھلیٹ ارشد ندیم کیلئے 30 لاکھ کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر محکمہ سپورٹس نے ارشد ندیم کیلئے 30 لاکھ روپے انعام کی رقم کا اعلان کیا ہے ۔
اس موقع پر وہاب ریاض نے کہا کہ ارشد ندیم سمیت تمام قومی کھلاڑیوں کی پذیرائی کیلئے کام کررہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سپورٹس سیکٹر کو مستحکم کرنے پر کام کررہے ہیں۔
وہاب ریاض نے کہا کہ پنجاب انڈوومنٹ فنڈ کا اجرا جلد کیا جارہا ہے، پنجاب میں کھیل اور کھلاڑیوں کا مستقبل روشن ہے، تمام کھلاڑی جذبے اور لگن سے محنت کریں، حکومت پنجاب آپ کی سرپرستی کرے گی۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے حالیہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتا ہے، ارشد کی کامیابی ایتھلیٹکس ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستان کا پہلا میڈل ہے۔