(لاہور نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و رہنما پاکستان مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اس قوم پر شہدا کا جو قرض ہے وہ ساری عمر چکایا نہیں جا سکتا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے یادگار شہداء مناواں کا دورہ کیا ، حمزہ شہباز نے یاد گار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے کہا کہ بطور پاکستانی ہم سب شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے آئے ہیں، شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرنے آئے ہیں، اس بات کا عزم کرنے آئے ہیں کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتا ہے، شہیدوں کی قربانیاں اس ملک کے بننے میں شامل ہیں، اس قوم پر شہدا کا قرض ہے جو ساری عمر چکایا نہیں جاسکتا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی کی گئی، 9مئی کو جناح ہاؤس کو آگ لگائی گئی ملک کے خلاف بغاوت کی گئی، 9 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ کو یاد رکھنا چاہیے، گزشتہ 4 سالوں میں معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ معیشت مضبوط ہو عوام خوشحال ہو یہی قائداعظم کا خواب تھا، آج غریب موٹر سائیکل بیچ کر بجلی کا بل ادا کرتا ہے، مہنگائی نے غریبوں کی نیندیں حرام کردی ہیں، ہم نے 75سال میں معیشت کو ترجیح نہیں دی، ہمسایہ ممالک ترقی کی منازل طے کررہے ہیں، ہم ایک ہی موڑ کے اردگرد چکر کاٹ رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا آج کالا باغ ڈیم بن گیا ہوتا تو 10لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوتی، تمام سیاسی جماعتوں، وکلا برادری، تاجر کمیونٹی کو ملکر 10سال معاشی منصوبہ تربیت دینا چاہیے، یہ 10سالہ منصوبہ ملک کو ترقی دے سکتا ہے، اس 10سالہ منصوبے کو آئینی تحفظ حاصل ہونا چاہیے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آج عدم برداشت کا ماحول ہے، بدقسمتی سے سیاسی کلچر چیئرمین پی ٹی آئی خراب کرگئے، آئندہ الیکشن ملک کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا، معیشت کیلئے 10سالہ منصوبہ بھی اتنا ضروری ہے جتنا جلد از جلد الیکشن، ملک کا مستقبل جمہوریت میں پنہاں ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہمارے 100 یونٹ مفت بجلی کے منصوبے کو سیاست کی نذر کردیا گیا، آج اگر منصوبہ قابل عمل ہوتا تو عوام کو ریلیف ملتا، ہم نے پورے صوبے میں کینسر سمیت دوسری ادویات مفت دیں، نوازشریف جلد پاکستان آئیں گے ،ان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں مسلم لیگ ن کی پوری قیادت کو گرفتار کیا گیا، آج ہر کوئی عزت سے بری ہوا ہے، میں کہا تھا ایک پائی کی کرپشن کی ہوتو سیاست چھوڑ دوں گا آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں، کرپشن ایک ناسور ہے جس کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔