(ویب ڈیسک)ماہرین کی جانب سے روزمرہ کی بنیاد پر ایک سیب کھانے سے حاصل ہونیوالے فوائد سے متعلق تحقیق جاری کردی گئی ۔
ماہرین غذائیات کی رو سے سیب میں فائبر اور وٹامن سی وافر تعداد میں ملتا ہےجبکہ کچھ مقدار میگنیشم کی بھی ملتی ہے۔ یہ پھل نمک، چکنائی اور کولیسٹرول سے پاک ہے۔ سیب کی اہم خاصیت یہ ہے کہ اس میں مختلف ’’حیاتی متحرک مادے‘‘پائے جاتے ہیں۔
حیاتی متحرک مادوں سے مراد وہ قدرتی مادے ہیں جو کئی غذاؤں میں تھوڑی مقدار میں ملتے ہیں۔ تاہم وہ انسان سمیت تمام جانداروں کو صحت کی دولت عطا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان کی سیکڑوں اقسام ہیں۔چونکہ سیب بھی کئی حیاتی متحرک مادے رکھتا ہے، اسی لیے ماہرین غذائیات نے اسے ’’فنکشنل غذاؤں میں رکھا ہے۔
فنکشنل غذائیں وہ ہیں جن میں وٹامن اور معدنیات کے علاوہ حیاتی متحرک مادے بھی ملتے ہوں۔ اسی لیے وہ عام غذاؤں سے غذائیت میں برتر و اعلیٰ ہوتی ہیں۔ یاد رہے، ماہرین کے نزدیک ’’سپر فوڈ‘‘کی اصطلاح بے معنی ہے کیونکہ کوئی بھی قدرتی غذا ہر قسم کی غذائیت نہیں رکھتی۔ یہ محض تجارتی نعرہ ہے جو کمپنیوں نے اپنی مصنوعات فروخت کرنے کی خاطر بلند کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیب میں ’’پیکٹن‘‘نامی حیاتی متحرک مادہ پایا جاتا ہے ، یہ فائبر کی قسم ہے۔ یہ مادہ انسانی بدن میں شکر اور چکنائی کی مقدار کم کر کے انسان کو امراض قلب اور ذیابیطس قسم اول سے بچاتا ہے۔ سیب کا فائبر مسہل بھی ہے، لہذا انسان میں قبض نہیں ہونے دیتا جو'' ام المراض ''کہلائے جانے والی بیماری ہے۔