(لاہور نیوز) نشے کی زیادتی سے ہونے والی اموات میں کمی نہ آ سکی۔ 85 بے گھر اور نامعلوم منشیات کے عادی افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
آج نشے کی زیادتی اور مسلسل استعمال سے اموات کے خلاف آگاہی کا دن منایا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد نشے سے ہونیوالی اموات پر قابو پانا اور پیاروں کو کھو دینے والوں کے غم کو تسلیم کرنا ہے۔
دوسری جانب نامعلوم اور بے گھر منشیات کے عادی افراد کی ہلاکتوں میں کمی نہ ہو سکی۔ ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب نے جولائی اور اگست میں نشہ کی زیادتی سے ہونے والی اموات پر رپورٹ جاری کر دی۔
کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین کے مطابق جولائی میں 40 اور اگست میں 85 بے گھر اور نامعلوم منشیات کے عادی افراد زندگی کی بازی ہار گئے جن میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔
منشیات کے استعمال اور سپلائی کے حوالے سے لاہور کا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہونے لگا۔ 18 سال سے کم عمر افراد میں نشہ کرنے کے رحجانات میں تیزی آئی ہے۔ لاوارث اور بے گھر افراد کی لاشیں فٹ پاتھ، پارکوں اور سڑکوں کے کنارے پائی گئیں۔
خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ملکی معاشی حالات میں بہتری نہ ہونے سے 2026 میں نشہ کرنے والے افراد کی بڑی تعداد سڑکوں پر ہو گی۔