(لاہور نیوز) نیپال کیخلاف سنچری سکور کرنے والے قومی بیٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ ہمارے لیے ہر میچ اہم ہوتا ہے، بھارت کے خلاف بھی رزلٹ اچھا ہو گا۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا ہے کہ اللہ پاک کا شکر ادا کرتا ہوں کہ پہلی سنچری مکمل کی، پہلے میں کھیلنے کیلئے آیا تو مجھے بہت مشکل لگ رہا تھا لیکن بعد میں مومینٹم بنتا گیا۔
سنچری میکر بیٹر نے مزید کہا ہے کہ کپتان بابراعظم اور محمد رضوان میچ کو بہت ڈیپ لیکر جاتے ہیں، ہر میچ کیلئے خود کو تیار کرنا ہے، نیپال کی ٹیم بہت اچھی ہے، کوشش کریں گے بھارت کے خلاف بھی سو فیصد پرفارمنس دیں۔
واضح رہے کہ آل راؤنڈر افتخار احمد پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے نیپال کیخلاف کھیلتے ہوئے صرف 67 گیندوں پر سنچری مکمل کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے پاس ہے، انہوں نے 1996 میں سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر 102 رنز بنائے تھے۔