(لاہور نیوز) بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور ٹیکسوں کی بھرمار کے خلاف جماعت اسلامی نے دو ستمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔
جماعت اسلامی کے 82 ویں یوم تاسیس پر لاہور میں تقریب کا انعقاد ہوا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت مختلف رہنماؤں نے تقریب میں شرکت کی، جماعت اسلامی کے کارکن بڑی تعداد میں تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے ہر پاکستانی کو رلا دیا ہے، بجلی کے بل میں 16 اقسام کے ٹیکس لگائے گئے ہیں،اب عوام سڑکوں پرنکل کر بجلی کے بلوں کو جلا رہے ہیں،2 ستمبر کو بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کوئی بھی حکومت ملک کو نہیں چلا سکی، ملک کو چلانا ہے تو ہمیں قرآن کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا، قومیں ایٹم بم سے نہیں، اخلاقی کمزوری کی وجہ سے ختم ہوتی ہیں، اس وقت ہمارا معاشرہ اخلاقی تنہائی کا شکار ہے، اب عوام کے پاس واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔