(لاہور نیوز) سموگ کے سیزن سے قبل ہی انتظامیہ متحرک ہو گئی، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے لئے سکواڈ تشکیل دے دیئے گئے۔
حکومتی اداروں نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا بڑا فیصلہ تو کیا گیا مگر گاڑیوں کا دھواں چیک کرنے کے لیے کوئی میکنزم موجود نہیں۔
سموگ سے قبل ہی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کے لئے سکواڈ تشکیل دے دیئے گئے ہیں،ریجنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے سموگ کی روک تھام کیلئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے انسپکٹرز، ٹریفک پولیس اور موٹر وہیکل ایگزامینر پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر روزانہ کی بنیاد پر گاڑیوں کی چیکنگ کریں گی۔
انسپیکشن ٹیم میں پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی انفورسمنٹ ونگ کے 25 انسپکٹرز کو شامل کیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کے دو وارڈنز اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے 6 موٹر وہیکل ایگزمینر بھی سکواڈ کا حصہ ہوں گے، مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے کا مقصد لاہور شہر میں سموگ اور دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنا ہے۔