(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے لنکن پریمیئر لیگ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو نرمی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم افغانستان کو چاروں شانے چت کرنے کے بعد آج سری لنکا سے وطن واپس پہنچے گی، قومی کرکٹ ٹیم آج ملتان میں پڑاؤ ڈالے گی اور کل مکمل آرام کرے گی۔
کپتان بابر اعظم، امام الحق اور نسیم شاہ آج اتوار کو لاہور آئیں گے اور پیر کی شام کو ٹیم میں شامل ہوں گے، کھلاڑی 29 اگست بروز منگل ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 4.30 سے 7.30 تک ٹریننگ کریں گے جبکہ سیشن کے آغاز سے قبل پاکستانی کپتان پری سیریز میڈیا کانفرنس کریں گے۔
ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کا مقابلہ 30 اگست کو ملتان میں نیپال سے ہوگا، پاکستان نے ون ڈے ایشیاء کپ 2023ء کیلئے اپنے سکواڈ میں ایک اضافہ کیا ہے۔
قومی ٹیم میں بائیں ہاتھ کے بلے باز سعود شکیل کو ایشیا کپ کیلئے پاکستان کے 17 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، دائیں ہاتھ کے بلے باز طیب طاہر بطور ٹریولنگ ریزرو ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔