(لاہور نیوز) سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبے کے 36 اضلاع میں جنوری سے اب تک ڈینگی کے 927 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔
سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 39 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ، اس سال کے شروع سے اب تک ضلع لاہور میں ڈینگی کے 322 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ روز 18 نئے مریض سامنے آئے۔
سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق رواں سال کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کے کل 141 مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز 4 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال ملتان میں کل 136 ڈینگی مریض رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز 4 نئے مریض سامنے آئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شیخوپورہ، قصور اور چکوال میں ڈینگی کے دو، دونئے مریض سامنے آئے۔
علاوہ ازیں سیالکوٹ، گجرات، اٹک، بہاولپوراورخانیوال میں ڈینگی کا ایک، ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے ۔
سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 47 مریض زیر علاج ہیں جن کی حالت تسلی بخش ہے، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 28 مریض زیر علاج ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے دوران پنجاب کا ایک شہری ڈینگی کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا ، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لئے 2678 بیڈ مختص کئے گئے ہیں ، صوبے کے ہسپتالوں میں 36 بیڈز ڈینگی مریضوں کے زیر استعمال ہیں ۔
سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔