(لاہور نیوز) ایکسپو سینٹر میں جاری دو روزہ آٹھویں کلر اینڈ کیم ایکسپو 2023 کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی، جبکہ نمائش میں اربوں روپے کے کاروباری سودے بھی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق اس میگا شو میں 200 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے شرکت کی، یہ نمائش ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کی جانب سے منعقد کی گئی تھی۔ سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر سمیت دیگر شخصیات نے نمائش کا دورہ کیا اور شرکا سے کاروباری حالات پر گفتگو کی۔
اس موقع پر انہوں نے نمائش میں شریک چینی وفد کے سربراہ مسٹر زو و دیگر میں شیلڈز بھی تقسیم کیں، نمائش کے دوسرے روز بھی مختلف متعلقہ صنعتوں اور اکیڈیمیا سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمائش کے آرگنائزر راشدالحق نے بتایا کہ نمائش کے دو دنوں میں اربوں روپے کے کاروباری سودے ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں لوگوں نے نمائش کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود انڈسٹری کا ردعمل خوش آئند ہے، یہ نمائش کاروباری گھٹن کے ماحول میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گی۔ راشدالحق نے اعلان کیا کہ کلر اینڈ کیمیکل کی یہ نمائش اگلے سال اگست میں دوبارہ لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔