(لاہور نیوز) مہنگائی کے وار رک نہ سکے، پولٹری مصنوعات کی خریداری بدستور جیب پر بھاری ہے جبکہ سبزیاں بھی من مانے نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں، انتظامیہ سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کرانے میں مکمل ناکام ہے۔
مہنگائی کے ستائے عوام ریلیف کو ترس گئے مگر کسی بھی جانب سے عوام کو ٹھنڈی ہوا کا جھونکا نصیب نہیں ہو رہا، پولٹری مصنوعات کی خریداری آسان رہی نہ سبزیوں کے دام پہنچ میں آئے۔
برائلر گوشت سستا ہو کر بھی عوام کی پہنچ میں نہیں آرہا، فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 8 روپے کم ہونے کے باوجود 585 روپے فی کلو ہے جبکہ فارمی انڈ ے 294 روپے فی درجن کی سطح پر برقرار ہیں۔
دوسری جانب سبزیاں بھی قوت خرید سے باہر ہوتی جارہی ہیں، آلوکا سرکاری ریٹ 73 روپے فی کلو مقرر لیکن مارکیٹ میں آلو 100 روپے فی کلو تک مل رہے، پیاز 73 روپے کے بجائے 90 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے ، ٹماٹر 120 ،،لہسن 500 اور ادرک ایک ہزار روپے میں بیچا جا رہا ہے۔
اسی طرح پھول گوبھی 150، بھنڈی120، مٹر 350 روپے فی کلو میں دستیاب ہیں، کریلے 140 اور ٹینڈے 180 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے سامنے بے بس ہو چکے ہیں، کسی کو غریب کی مشکلات کا احساس نہیں، اوپن مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹوں پر عملدرآمد بھی نہیں ہو رہا، دکاندار اشیائے ضروریہ کی من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔