16 Aug 2023
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں معروف ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں ٹک ٹاک پر پابندی کی درخواست شہری رانا عثمان انور نےبذریعہ ایڈووکیٹ سہیل احمد شیخ دائر کی،درخواست میں پی ٹی اے، وزارت آئی ٹی، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت ہر شہری پر ریاست سے وفادار ہونا فرض ہے، ٹک ٹاک پر گزشتہ 5، 6 ماہ سے فحش مواد اپلوڈ کرنے میں اضافہ ہوا ہے، بہت سے ممالک میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ٹک ٹاک جیسی ایپلی کیشن سے نوجوان نسل کو ورغلایا جا رہا ہے، بہت سے نوجوان ٹک ٹاک پر ویڈیوز بناتے اپنی جان گنوا چکے ہیں، عدالت ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے۔