(لاہور نیوز) دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 6 گھنٹے میں پانی کی سطح 36560 کیوسک سے 55900 کیوسک تک پہنچ چکی ہے۔ 17 سے 20 اگست تک پانی کی سطح ایک لاکھ کیوسک سے تجاوز کر جائے گی۔ گنڈا سنگھ والا میں پانی کا اخراج مسلسل بڑھ رہا ہے جو شدت اختیار کر سکتا ہے۔ بھارتی ڈیموں میں پانی کی سطح میں اضافے سے پاکستانی حدود متاثر ہوں گی۔
ترجمان کا کہنا ہے بکھرا ڈیم اور پونگ ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ بھارت سے پانی کی آمد کے باعث پاکستانی رقبہ زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ تمام محکمے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے الرٹ ہیں۔ اداروں کو ایمرجنسی صورتحال بارے اطلاعات فراہم کی جا چکی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں سیلاب کے پیش نظر تمام انتظامیہ ہائی الرٹ رہے۔ کنٹرول روم میں لمحہ بہ لمحہ صورتحال مانیٹر کی جا رہی ہے۔ مقامی آبادی اور فصلوں کو سیلابی پانی سے بچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دریائے ستلج کے راستے میں قائم آبادیاں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا شہری غیر ضروری نقل و حمل اور نالوں کی کراسنگ سے گریز کریں ۔ کسی بھی قسم کی ایمرجنسی صورت میں مقامی انتظامیہ کو فوری اطلاع دیں۔