(لاہور نیوز) نیب ٹیم سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو لے کر لاہور پہنچ گئی، آج انہیں متعلقہ عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی پر ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کا الزام ہے، نیب لاہور کی جانب سے کیس میں ملوث دیگر ملزمان کی بھی جلد گرفتاری کا امکان ہے۔
واضح رہے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو گزشتہ روز نظربندی آرڈر کی مدت مکمل ہونے پر اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد نیب راولپنڈی نے حراست میں لیا تھا۔
چودھری پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں ڈیوٹی مجسٹریٹ خالد حیات کی عدالت میں پیش کیا گیا، نیب کی جانب سے عدالت سے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
ڈیوٹی مجسٹریٹ نے چودھری پرویز الہٰی کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا جس کے بعد نیب ٹیم انہیں لیکر لاہور پہنچ گئی، سابق وزیر اعلیٰ کو آج لاہور کی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو 19 جولائی کو کیمپ جیل لاہور سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا، تحریک انصاف کے رہنما کو 3 ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا جس کے احکامات ڈپٹی کمشنر لاہور نے جاری کیے تھے۔