آج وطن کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کی تجدید کا دن ہے: آئی جی پنجاب
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ یوم آزادی ارض پاک کی سلامتی اورخوشحالی کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے تجدید عہد کا دن ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کی جانب سے منعقدہ یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کیا اور پاکستانی قوم اور پولیس فورس کو مبارکباد پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ آج ارض پاک کی سلامتی اور خوشحالی کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے تجدید عہد کا دن ہے۔ پنجاب پولیس شہریوں کی جان ومال اور عزت وآبرو کے تحفظ کے عزم کو دہراتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جشن آزادی پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہائی الرٹ ہو کر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ 140،000 پولیس افسران و جوان صوبہ بھر میں حساس پوائنٹس پر تعینات ہیں۔ پنجاب پولیس کا ہر افسر اور سپاہی ملک و قوم کے لئے اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہیں کرے گا۔
آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں پنجاب پولیس کی 1600 سے زائد شہادتیں ارض وطن سے لازوال محبت کی علامت ہیں، شہریوں سے التماس ہے کہ جشن آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے قومی وقار اور تہذیب کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں۔
انہوں نے شہریوں کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی، خواتین اور فیملیز کو ہراساں کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائیں گے، قانون کی خلاف ورزی پر کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔