عوام اور فوج ایک ہیں، پاکستان کو خوشحال، مستحکم بنانا ہمارا مشن ہے: آرمی چیف
(لاہور نیوز) پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، کیڈٹس ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، آزادی پریڈ کے موقع پر پی ایم اے کے کیڈٹس نے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندار مظاہرہ پیش کر کے سر زمین پاکستان اور مادر وطن کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔
آزادی پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو 76 واں یوم آزادی مبارک ہو، بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل ہوا ہے، پاکستان آزادی مسرت اور مساوات کا گہوارہ ہے، ہم اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے آگاہ ہیں، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ افواج پاکستان کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستانی عوام اور فوج ایک ہیں اور ایک رہیں گے، پاکستان کے دشمنوں کے خلاف ہمیشہ لڑتے رہیں گے، پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنانا ہمارا مشن ہے۔